Baaghi TV


وزیراعظم کی ایف بی آر کارکردگی کی تعریف، رواں سال 15 کھرب روپے محصولات کا ہدف مقرر

‎وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسران نے ملاقات کی، جس میں مالی سال 2025-26 کے دوران محصولات کا مقررہ ہدف عبور کرنے پر ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے تاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنا حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ایف بی آر کی مسلسل محنت کا اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے محصولات میں اضافے کو قومی معیشت کے استحکام کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔
‎شہباز شریف نے کہا کہ مالی سال کے دوران تقریباً 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے برآمدی شعبے کو سہارا ملا، جس سے ملکی برآمدات اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملی۔
‎وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال 2026-27 کے لیے محصولات کا ہدف 15 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کے حصول کے لیے ایف بی آر میں جاری اصلاحات کو مزید تیز کیا جائے گا۔
‎انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور ٹیکس دہندگان، کاروباری برادری اور صنعتی شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف، آسان اور جدید ٹیکس نظام ہی محصولات میں پائیدار اضافے کی بنیاد بن سکتا ہے۔
‎وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور فیس لیس ٹیکس نظام پر مبنی ہوگا، جس سے انسانی مداخلت کم، شفافیت میں اضافہ اور ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت پیدا ہوگی۔
‎انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی پیشہ ورانہ ترقی، تربیت اور کیریئر پلاننگ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ ادارے کی استعداد کار مزید بہتر بنائی جا سکے۔
‎وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور قومی آمدن میں اضافے کے لیے اصلاحاتی عمل کو ہر صورت جاری رکھے گی۔

More posts