Baaghi TV

میں پہلی و آخری اداکارہ نہیں جس نے اسکرین پر کسی کو گلے لگایا: سحر ہاشمی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سحر ہاشمی نے اپنے کیریئر، تنقید اور اسکرین پر بولڈ مناظر سے متعلق کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنقید نے انہیں بطور اداکار بہتر بننے میں مدد دی، تاہم بعض تبصرے، خصوصاً بھارتی اداکار عمران ہاشمی سے کیا جانے والا موازنہ، غیر منطقی اور افسوسناک تھا۔
‎سحر ہاشمی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز ڈرامہ "ظلم” سے کیا اور مختصر عرصے میں اپنی اداکاری کی بدولت شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ تاہم بعض ڈراموں میں اسکرین پر دکھائے گئے مناظر کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
‎اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف وہی مناظر فلمائے جو اسکرپٹ کا حصہ تھے اور جنہیں ہدایت کار اپنے تخلیقی وژن کے مطابق پیش کرنا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق ہر فنکار اپنے کردار کی ضرورت کے مطابق کام کرتا ہے اور اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
‎انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بات انتہائی عجیب لگی کہ صرف گلے لگانے جیسے مناظر پر انہیں اس قدر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، حالانکہ اس طرح کے مناظر ماضی میں بھی کئی فنکار ادا کر چکے ہیں۔ سحر ہاشمی نے کہا کہ وہ نہ پہلی اداکارہ ہیں اور نہ آخری جنہوں نے اسکرین پر ایسے مناظر کیے ہوں۔
‎سحر ہاشمی نے انکشاف کیا کہ شوٹنگ سے قبل ہدایت کار نے انہیں مکمل اختیار دیا تھا کہ اگر وہ ان مناظر کے حوالے سے خود کو مطمئن محسوس کرتی ہیں تو ہی انہیں فلمایا جائے۔ ان کے بقول انہوں نے اپنی رضامندی سے کردار کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا۔
‎جب ان سے پوچھا گیا کہ زیادہ تر تنقید صرف انہیں ہی کیوں برداشت کرنا پڑی جبکہ مرد اداکار نسبتاً تنقید سے محفوظ رہے، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ شاید اس کی وجہ عمران ہاشمی سے کیا جانے والا موازنہ تھا۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اس تنازع نے انہیں آئندہ ایسے مناظر کے انتخاب کے حوالے سے مزید محتاط ہونے پر ضرور مجبور کیا ہے۔
‎اداکارہ نے کہا کہ اگر ناظرین کسی چیز کو پسند نہیں کرتے تو فنکاروں کو بھی ان کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مستقبل میں ایسے معاملات میں زیادہ احتیاط سے فیصلے کریں گی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کسی فنکار کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری نبھانے پر غیر ضروری تنقید یا ذاتی حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

More posts