Baaghi TV


کل سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، قبلے کی سمت معلوم کرنے کا نادر موقع

energy

‎سالانہ فلکیاتی مظہر کے تحت بدھ 15 جولائی کو سورج چند لمحوں کے لیے عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ ایک قدرتی اور منفرد فلکیاتی واقعہ ہے، جو ہر سال مخصوص اوقات میں پیش آتا ہے۔
‎جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج 90 درجے کے زاویے پر خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا۔ اس لمحے سورج اور خانہ کعبہ ایک ہی عمودی خط پر ہوں گے، جس کی وجہ سے چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا کوئی سایہ نظر نہیں آئے گا۔
‎پاکستان میں یہ منظر دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وقت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قبلے کی درست سمت معلوم کرنے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔
‎اس فلکیاتی مظہر کے دوران اگر کوئی شخص دھوپ میں سیدھا کھڑا ہو اور سورج کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی جگہ کا مشاہدہ کرے تو وہ بغیر قطب نما، موبائل ایپ یا کسی دوسرے آلے کے قبلے کی درست سمت کا تعین کر سکتا ہے۔ اسی وجہ سے دنیا بھر کے ماہرین فلکیات اور دینی ادارے ہر سال اس موقع کی نشاندہی کرتے ہیں۔
‎ماہرین کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آتا ہے جب سورج اپنے ظاہری سالانہ سفر کے دوران خطِ سرطان اور خطِ استوا کے درمیان حرکت کرتے ہوئے ایسے مقام پر پہنچتا ہے جہاں اس کی عمودی شعاعیں براہِ راست خانہ کعبہ پر پڑتی ہیں۔
‎فلکیاتی ماہرین نے شہریوں، مساجد، مدارس اور تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گھروں، عبادت گاہوں اور دیگر مقامات پر قبلے کی سمت کی درستگی کی جانچ کر سکتے ہیں۔

More posts