Baaghi TV

‎اردن میں ایرانی حملے، 2 امریکی اہلکار ہلاک، ایک لاپتا

‎امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اردن میں ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو امریکی فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ایک اہلکار لاپتا ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر حملے کر رہے ہیں۔
‎امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے مطابق حملوں کے دوران زخمی ہونے والے چار امریکی اہلکاروں کو فوری طور پر اردن کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں علاج مکمل ہونے پر انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ معمولی زخمی ہونے والے دیگر اہلکار دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ گئے ہیں۔
‎دوسری جانب اردن کی فوج نے بتایا کہ گزشتہ شب اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 10 ایرانی بیلسٹک میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے۔ اردنی حکام کے مطابق ان حملوں سے ملک میں کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
‎ادھر امریکی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات فضائی کارروائیاں کیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ حملے اس وقت مزید شدت اختیار کر گئے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ عارضی جنگ بندی کے معاہدے کو ختم قرار دیا۔
‎امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ مختلف ممالک میں امریکی فوجی اڈے ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ خطے میں مزید جوابی کارروائیوں کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
‎عالمی برادری دونوں فریقین پر زور دے رہی ہے کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کریں اور سفارتی ذرائع سے تنازع کا حل تلاش کریں تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

More posts