پاکستان کی معروف اداکارہ، میزبان، کامیڈین اور مصنفہ بشریٰ انصاری نے اپنے سابق شوہر اقبال انصاری سے طلاق اور ازدواجی زندگی سے متعلق پہلی بار تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے سابق شوہر ان کی شہرت اور کامیابی کو برداشت نہیں کر پاتے تھے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ عموماً اپنے سابق شوہر کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتیں کیونکہ وہ نہایت ذہین انسان اور پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے بہترین ہدایت کاروں میں شمار ہوتے تھے، تاہم ان کی طبیعت میں غصہ اور دیگر مسائل بھی موجود تھے، جنہوں نے ازدواجی زندگی کو متاثر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان دونوں کا خاندانی پس منظر ایک دوسرے سے کافی مختلف تھا۔ ان کے خاندان میں محبت اور اپنائیت کا اظہار کھل کر کیا جاتا تھا، جبکہ ان کے سابق شوہر کی طبیعت اس سے مختلف تھی۔ ان کے مطابق انسانوں میں بعض اوقات عدم تحفظ اور احساسِ کمتری پیدا ہو جاتا ہے، جو تعلقات پر منفی اثر ڈالتا ہے۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب اور معروف خاتون کے ساتھ زندگی گزارنا ہر مرد کے لیے آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ اسی موضوع کو انہوں نے اپنے تحریر کردہ ڈرامہ "پاکیزہ” میں بھی پیش کیا تھا، جس میں اداکارہ آمنہ شیخ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔اداکارہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ یہ بات کہتی ہیں کہ لوگ لازماً برے نہیں ہوتے بلکہ مختلف ہوتے ہیں۔ ہر انسان اپنی اندرونی کشمکش سے گزر رہا ہوتا ہے اور مرد بھی اپنی نفسیاتی اور جذباتی جدوجہد کا سامنا کرتے ہیں، جسے اکثر وہ خود بھی سمجھ نہیں پاتے۔
طلاق کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اپنے اس فیصلے کو نہ غیر معمولی دانشمندی قرار دیتی ہیں اور نہ ہی خود کو بہت عقل مند سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق بعض اوقات انسان زندگی کے مسائل سے تھک کر ان سے نکلنے کا راستہ تلاش کرتا ہے اور وہ بھی اسی کیفیت سے گزر رہی تھیں، جس کے نتیجے میں بالآخر ان کی طلاق ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے والد ہمیشہ انہیں یہ نصیحت کرتے تھے کہ نہ کسی پر ظلم کرو اور نہ ظلم برداشت کرو۔ ان کے والد اس بات پر ناراض بھی ہوتے تھے کہ انہوں نے اتنے برس مشکلات کا سامنا کیوں کیا اور پہلے فیصلہ کیوں نہ کیا۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ بہت سے لوگ صرف اس لیے طلاق کا فیصلہ نہیں کر پاتے کیونکہ انہیں مستقبل غیر یقینی دکھائی دیتا ہے۔ وہ خود بھی کئی مرتبہ یہ سوچ کر رشتہ نبھانے کی کوشش کرتی رہیں کہ اگر سامنے والا معذرت کر رہا ہے تو اسے ایک اور موقع دیا جانا چاہیے۔
اپنے سابق شوہر کے حوالے سے مثبت پہلو بیان کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ اقبال انصاری ایک اچھے والد ہیں اور آج بھی اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کا بھرپور خیال رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ بچوں کی ابتدائی پرورش، ڈائپر تبدیل کرنے سے لے کر دیگر تمام ذمہ داریاں زیادہ تر انہی کے کندھوں پر تھیں، جبکہ اب ان کے سابق شوہر خاندان کے ساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں۔
