Baaghi TV

میرے پاس نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں،ظہران ممدانی

ny

نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی نے ایک نئی ویڈیو میں واضح کیا ہے کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نیویارک آتے ہیں تو ان کے پاس انہیں گرفتار کرنے کا قانونی اختیار نہیں ہے۔

ممدانی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا کہ میری انتظامیہ نے موجودہ قوانین کے تحت ہر ممکن راستے کا جائزہ لیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اگر نیتن یاہو نیویارک آتے ہیں تو کیا شہر بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کر سکتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ بات بالکل واضح ہو چکی ہے کہ ہمارے پاس اس وارنٹ پر عمل درآمد کروانے کا کوئی آزادانہ قانونی اختیار نہیں ہے، تاہم، امریکی وفاقی حکومت کےپاس یہ اختیار موجود ہےاور میں ان سےاپیل کرتا ہوں وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت میں شامل ہوں اور اس وارنٹ پر عمل کریں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ دن پہلے ہی ممدانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ اس بات پر کام کر رہے ہیں کہ مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں نیتن یاہو کی گرفتاری کیسے ممکن بنائی جا سکتی ہے۔

اس تنازع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےبھی اپنا موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ نیتن یاہو کو کسی بھی صورت شکل یا طریقے سے گرفتار نہیں کیا جائے گا، دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے ممدانی کی ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو نیویارک کے شہریوں کی خدمت کے لیے منتخب کیا گیا تھا، حماس کے پروپیگنڈے کے لیے نہیں اپنا کام کریں، جبکہ قانونی ماہرین نے بھی میئر کے اس دعوے کو غیر حقیقی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 2024 میں نیتن یاہو کے خلاف وارنٹ جاری کیے تھے، جن کی امریکی صدر اور سابق صدر دونوں نے مذمت کی تھی، جبکہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے حال ہی میں اس عالمی عدالت کو ختم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔

More posts