Baaghi TV

برطانیہ میں اقتدار کی منتقلی، اینڈی برنہم نئے وزیرِ اعظم مقرر

لندن: برطانیہ میں اقتدار کی پرامن اور آئینی منتقلی کا عمل مکمل ہو گیا، جہاں لیبر پارٹی کے رہنما اینڈی برنہم نے باضابطہ طور پر برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم کا منصب سنبھال لیا۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ چارلس سوم نے اینڈی برنہم کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی، اینڈی برنہم نے شاہ چارلس سے بکنگھم پیلس میں ملاقات کی۔لیبر پارٹی کے اینڈی برنہم 10 سال میں برطانیہ کے ساتویں وزیراعظم ہیں، وہ کیئر اسٹارمر کی جگہ عہدہ سنبھالیں گے۔

اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر نے بکنگھم پیلس میں شاہ چارلس سے ملاقات کے دوران اپنا استعفیٰ پیش کیا، جسے بادشاہ نے منظور کر لیا۔ استعفے کے بعد چند لمحوں کے لیے برطانیہ میں وزیرِ اعظم کا عہدہ خالی رہا، جس کے بعد شاہ نے اینڈی برنہم کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دی۔

وزیرِ اعظم مقرر ہونے سے قبل اینڈی برنہم بکنگھم پیلس پہنچے، جہاں شاہ چارلس سے ملاقات کے بعد وہ سرکاری طور پر حکومت کے سربراہ بن گئے۔ دوسری جانب ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ان کے حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جنہوں نے نئے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر خطاب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور توقع ہے کہ اینڈی برنہم اپنی تقریر میں نئی حکومت کی ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اس سے پہلے اپنے الوداعی خطاب میں سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ انہوں نے لیبر پارٹی کو 2019 کی تاریخی شکست سے نکال کر 2024 کے عام انتخابات میں بڑی کامیابی دلائی اور گزشتہ دو برسوں میں ملک کی خدمت کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے بچوں کو غربت سے نکالنے، دفاع کو مضبوط بنانے، امیگریشن میں کمی لانے اور عالمی سطح پر برطانیہ کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔

More posts