پاکستان نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدے کے پابند ہیں اور مملکت کے ساتھ تمام معاہدوں کی پاسداری کریں گے-
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی حوثیوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس کی وزیراعظم پاکستان نے فوری مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا، ہمارے بحری جہازوں پر حملہ ریڈلائن ہوگی، ہم سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدے کے پابند ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ تمام معاہدوں کی پاسداری کریں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ یمن کے مسلح گروہوں کی جانب سے سعودی عرب پر ایسے حملے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، اس لیے پاکستان تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مسائل کا پرامن حل سفارتی راستے سے نکالنے کی اپیل کرتا ہے خطے میں امن قائم کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان نے اپنی سفارتی رفت و آمد میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حال ہی میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان کا دورہ کیاجہاں انہوں نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں تاکہ علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اس کے علاوہ پاکستان اور کویت کے وزرائے خارجہ کے درمیان را بطہ ہوا، جبکہ منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر، عمان، فلپائن، روس اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں۔
ترجمان نے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام پر زور دیا، جبکہ عمان کے وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہااس کے ساتھ ساتھ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمان سے بھی باہمی تعلقات اور تعاون کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ نائب وزیراعظم نے منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے 34 ویں اجلاس میں شرکت کی پاکستان 2004 سے آسیان ریجنل فورم کا رکن ہے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے نائب وزیر اعظم کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا نائب وزیراعظم کی بنگلادیش کے وزیر خارجہ و جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر خلیل الرحمٰن سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آسیان ریجنل فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی آسٹریلین وزیر خارجہ پینی وونگ سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاک آسٹریلیا تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا پاکستان اور آسٹریلیا نے اعلیٰ سطح کے رابطوں اور باقاعدہ سفارتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا، آسٹریلین خارجہ پینی وونگ نے کشیدگی میں کمی اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستان اور آسٹریلیا نے دیرپا امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام پر زور دیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اب شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلا س میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچیں گے، جہاں ان کی کرغزستان کے صدر اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں متوقع ہیں، کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے بھی حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ہے، جو گزشتہ بیس سالوں میں کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پہلا دورہ تھا، اور اس دوران دونوں مما لک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے اعلیٰ سطح پر بات چیت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا نے زراعت، تجارت و سرمایہ کاری سمیت شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کیے پاکستان یورپی یونین کی جی ایس پی رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہے یورپی یونین کی رپورٹ مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی پیشرفت کا احاطہ نہیں کرتی جی ایس پی پلس درجہ دونوں فریقوں کے لیے باہمی طور پر مفید ہے پاکستان یورپی کمیشن اور دیگر اداروں کے ساتھ مثبت طور پر روابط برقرار رکھے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، یہ رپورٹ مکمل طور پر بے بنیاد ہے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے کوئی ذمہ دار ریاست اپنے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کی صورت میں خامو ش نہیں رہ سکتی۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر آواز اٹھاتا رہے گا مقبوضہ کشمیر میں قابض قوت کے طور بھارت انسانی حقوق کو یقینی بنانے کا پابند ہے، پاکستان فلسطین کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے،فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے 8 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ باہمی رابطے میں ہیں –
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں خواتین اور بچوں کی صورتحال کا احساس ہے قانونی سفری دستاویزات نہ ہونے کے باعث کسی کو ڈی پورٹ کرنا مروجہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے اگر کسی پاکستانی شہری کو بغیر دستاویزات کے افغانستان میں رہائشی حق نہیں تو کسی افغانی کو بھی پاکستان میں بغیر دستاویزات رہنے کا حق نہیں،کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کی زندہ علامت ہے کلبھوشن کو قونصلر رسائی دیے جانے سے آگاہ نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے کئی واقعات میں افغان شہری ملوث پائے گئے اگر کسی ملک کے شہری دوسرے ملک میں دہشت گرد ملوث پائے جائیں تو انہیں نفرت کا نشانہ بنایا جاتا ہے ہم پرامن افغان شہریوں کے خلاف نفرت نہیں پنپنے دیں گے پاکستانی کھلے دل کے مالک ہیں –
انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تجارتی مذاکرات جاری ہیں اور ٹیرف کا معاملہ ابھی طے نہیں ہوا ہے ٹیرف اور چائلڈ لیبر کے معاملے پر امریکا کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے، کارگل جنگ کا معاملہ اب تاریخ کا حصہ ہے، مرحوم سرتاج عزیز کی کارگل کے حوالے سے کتاب بہترین ہے۔
