Baaghi TV

‎بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر میں ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ

ppp

‎پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر میں جاری سیاسی بحران کے پُرامن حل کے لیے ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے کشیدگی کے خاتمے، عوام کو ریلیف دینے اور انصاف کی فراہمی میں مدد مل سکتی ہے۔
‎اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کو درپیش بحران کا حل طاقت یا محاذ آرائی میں نہیں بلکہ مذاکرات، سچائی اور انصاف پر مبنی طریقہ کار میں ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایک آزاد اور بااختیار ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن تشکیل دیا جائے جو موجودہ بحران اور باہمی ٹکراؤ کے اسباب کا جائزہ لے اور فریقین کے درمیان اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات تجویز کرے۔
‎انہوں نے کہا کہ کمیشن کا مقصد صرف موجودہ کشیدگی کا خاتمہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ، معمولات زندگی کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی بھی اس کے دائرۂ کار میں شامل ہونی چاہیے۔
‎بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس فورم کے ذریعے ہر متاثرہ شخص کو اپنی بات رکھنے کا موقع ملے، تمام شکایات غیر جانبدارانہ انداز میں سنی جائیں اور حقائق کو سامنے لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے بحرانوں سے بچنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
‎چیئرمین پیپلز پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس تجویز پر اب تک کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ان کے بقول اگر تمام سیاسی قوتیں اور متعلقہ ادارے سنجیدگی سے اس تجویز پر غور کریں تو آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام، عوامی اعتماد اور دیرپا امن کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
‎انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق، جمہوری اقدار اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرے گی جو خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کا باعث بنیں۔

More posts