سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ سفارتی، دفاعی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈاکٹر راجح بن تمی البقمی کو پاکستان میں اپنا نیا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے سفیر کے تقرر کی منظوری دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان میں مملکت کی مؤثر نمائندگی کی ہدایت کی۔
ریاض میں منعقدہ تقریب کے دوران نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن تمی البقمی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے۔ تقریب میں سعودی قیادت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راجح بن تمی البقمی جلد اسلام آباد پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہیں ایک تجربہ کار سفارت کار تصور کیا جاتا ہے، جنہیں بین الاقوامی امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سفیر اس سے قبل بھی مختلف ممالک میں اہم سفارتی اور دفاعی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، جہاں انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مذہبی، اقتصادی، دفاعی اور سفارتی شعبوں میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں، سرمایہ کاری، تجارت، توانائی، دفاع اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئے سعودی سفیر کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری اور علاقائی استحکام کے حوالے سے تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی تعیناتی سے اسلام آباد اور ریاض کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
سعودی عرب نے پاکستان میں نیا سفیر مقرر کر دیا
