اسلام آباد: سعودی عرب کے ایک بڑے سرمایہ کار گروپ نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومت نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے گزشتہ روز کاروباری شخصیات، اوورسیز پاکستانیوں اور میڈیا نمائندگان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، دوطرفہ تجارتی تعاون اور معاشی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں سابق ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز پی ٹی وی اسلام آباد رشید خان نیازی، فالکن وژن کمپنی (جدہ، سعودی عرب) کے نائب چیئرمین و صدر محمد طارق غوث، فالکن وژن پاکستان کے بزنس ہیڈ ذوالفقار، کنٹری ہیڈ ڈاکٹر عصمت اللہ خان، مقبول، کرنل جمشید اور جنوبی کوریا میں مقیم اوورسیز پاکستانی عتیق سمیت لگژری گاڑیوں کے شعبے سے وابستہ معروف کاروباری شخصیات شریک تھیں۔
ملاقات کے دوران سعودی سرمایہ کار گروپ نے پاکستان میں مختلف اقتصادی شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے مکمل سہولت کاری، شفاف پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مختلف صنعتی شعبوں میں ترقی کی رفتار بھی تیز ہوگی۔
