Baaghi TV

شہناز گل پاکستانی ڈراموں کی مداح نکلیں

بھارتی اداکارہ، گلوکارہ اور ٹی وی شخصیت شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت، جذبات اور کہانی کے اعتبار سے پاکستانی ڈراموں کا کوئی مقابلہ نہیں۔

ایک حالیہ گفتگو کے دوران شہناز گل نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں کا ذکر کرتے ہوئے ہانیہ عامر، بلال عباس خان اور فہد مصطفیٰ کے نام لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار اپنی جاندار اداکاری اور کرداروں کے درمیان فطری کیمسٹری کے ذریعے ناظرین کو متاثر کرتے ہیں۔شہناز گل نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی سب سے بڑی خوبی ان کی مضبوط کہانی، جذباتی گہرائی اور محبت کے منفرد انداز میں پیش کیے جانے والے مناظر ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی ڈراموں میں رومانوی تعلقات کو غیر ضروری جسمانی قربت کے بجائے احساسات، نظریں، مکالموں اور جذبات کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے، جو انہیں دیگر ڈراموں سے منفرد بناتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت کے اظہار کے لیے کرداروں کا ایک دوسرے کو چھونا ضروری نہیں ہوتا، بلکہ بغیر جسمانی قربت کے بھی محبت اور اپنائیت کو انتہائی خوبصورتی سے دکھایا جاتا ہے، جو ناظرین کے دلوں کو چھو لیتا ہے۔

شہناز گل کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی سلو برن اسٹوری ٹیلنگ اور جذبات پر مبنی انداز ناظرین کو ابتدا سے آخر تک اپنی جانب متوجہ رکھتا ہے۔ انہوں نے گفتگو کے اختتام پر ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستانی ڈراموں کا واقعی کوئی مقابلہ نہیں۔

واضح رہے کہ شہناز گل کو بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 13 میں شرکت کے بعد غیرمعمولی شہرت حاصل ہوئی تھی، جہاں ان کی بے ساختہ شخصیت اور مرحوم اداکار سدھارتھ شکلا کے ساتھ دوستی نے انہیں بھارت کی مقبول ترین ٹی وی شخصیات میں شامل کر دیا۔بعد ازاں انہوں نے سلمان خان کی فلم "کسی کا بھائی کسی کی جان” سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، جبکہ "تھینک یو فار کمنگ” سمیت دیگر فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ شہناز گل موسیقی کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں اور مختلف معروف شخصیات کے انٹرویوز بھی کرتی رہی ہیں۔

More posts