Baaghi TV

لندن میں آریان خان کی ایک بار پھر مبینہ محبت کے چرچے، وینی تاکیار کے ساتھ ویڈیوز وائرل

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں میں آ گئے ہیں۔ لندن میں ایک خاتون کے ساتھ ان کی موجودگی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دونوں کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے آریان خان کے ساتھ نظر آنے والی خاتون کی شناخت معروف کنٹینٹ کری ایٹر وینی تاکیار کے طور پر کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں کو لندن کے ایک کیسینو سے ایک ساتھ باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد ان کی ڈیٹنگ سے متعلق افواہیں تیزی سے پھیلنے لگیں۔وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں آریان خان اور وینی تاکیار کو سیاہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ آریان نے سادہ بلیک ٹی شرٹ اور پینٹ زیب تن کر رکھی تھی۔

دوسری جانب وینی تاکیار نے بھی لندن کے سفر کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں، جن کے کیپشن میں انہوں نے مختصر الفاظ میں "آئی لو یو لندن” لکھا۔ مداحوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ آریان خان اور وینی تاکیار انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو کرتے ہیں، جس کے بعد ان کے تعلقات سے متعلق مزید قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔تاہم آریان خان یا وینی تاکیار کی جانب سے ان خبروں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، اس لیے ان کے تعلقات کی تصدیق نہیں ہو سکی اور تمام دعوے فی الحال سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات اور قیاس آرائیوں تک محدود ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ آریان خان کی نجی زندگی خبروں کا حصہ بنی ہو۔ اس سے قبل بھی ان کا نام برازیلین ماڈل اور اداکارہ لاریسا بونسی کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔ اس وقت یہ افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب لاریسا نے آریان کے لگژری اسٹریٹ ویئر برانڈ کی تشہیری مہم میں حصہ لیا اور بعد ازاں ان کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز کے پریمیئر میں بھی شریک ہوئیں۔واضح رہے کہ آریان خان نے اپنے والد شاہ رخ خان کے برعکس اداکاری کے بجائے ہدایت کاری اور پروڈکشن کے شعبے میں کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پہلے اپنے لگژری اسٹریٹ ویئر برانڈ کے ذریعے کاروباری میدان میں قدم رکھا اور بعد ازاں ویب سیریز کے ذریعے بطور ہدایت کار اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

More posts