خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں پولیس وین پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام کے مطابق واقعہ درابن کے علاقے شاہ عالم موڑ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس وین کو نشانہ بنا کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔سی ٹی ڈی کے مطابق حملے میں ایک اے ایس آئی سمیت دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی نفری دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں گھات لگائے مسلح افراد نے حملہ کردیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہید اہلکاروں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کردی گئیں، جہاں سے انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
