بھارت کے شہر ناگپور میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے بعد 17 سالہ نوجوان کرکٹر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے نے کھیلوں کے حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والی نوجوان کرکٹر کی شناخت ادیتی موریشور چوکانڈے کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ریاست مہاراشٹر کے شہر اکولا سے تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ بہتر کرکٹ مواقع کی تلاش میں ناگپور منتقل ہوئی تھیں، جہاں وہ لکشمی نگر کے علاقے میں رہائش پذیر تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ادیتی گزشتہ دو برس سے مسلسل سخت محنت اور تربیت میں مصروف تھیں۔ ان کا خواب تھا کہ وہ ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنا کر اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیلیں اور مستقبل میں اپنا نام روشن کریں۔ اس مقصد کے لیے وہ ناگپور کی سرو کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہی تھیں اور بی سی سی آئی سے وابستہ کرکٹ نظام میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم کے انتخاب میں نام شامل نہ ہونے پر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس صورتحال نے انہیں گہری مایوسی میں مبتلا کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک تحریری نوٹ بھی ملا ہے، جس میں نوجوان کرکٹر نے اپنی ذہنی کیفیت اور تکلیف کا ذکر کیا ہے۔ تاہم پولیس نے اس نوٹ کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ادیتی کے خاندان کا کرکٹ سے بھی تعلق تھا اور ان کا بھائی بھی کرکٹ کھیلتا ہے۔ اہل خانہ اور قریبی افراد اس افسوسناک واقعے سے شدید صدمے میں ہیں۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ دوسری جانب اس واقعے نے نوجوان کھلاڑیوں پر بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ، سخت مقابلے اور کھیلوں میں نفسیاتی معاونت کی ضرورت پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
کرکٹ ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر 17 سالہ بھارتی نوجوان کرکٹر نے زندگی کا خاتمہ کر لیا
