Baaghi TV

بلوچستان کے عوام اپنی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

sarfaraz bhughti

کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کوئٹہ میں 20ویں ٹریننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، لیکن جو عناصر ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں وہ اپنی کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو سیاست سے نہ جوڑا جائے، کیونکہ ریاست کو سیاسی مفادات نہیں بلکہ قومی سلامتی اور ریاستی استحکام کی ضرورت ہے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچ قوم کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا، تاہم بلوچستان کے نوجوان اب یہ حقیقت سمجھ چکے ہیں کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اپنی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور جو لوگ امن اور قومی دھارے میں واپس آنا چاہتے ہیں، ان کے لیے ریاست کے دروازے کھلے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے خبردار کیا کہ اگر کوئی بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے تو اسے یہ خیال ترک کرنا ہوگا، کیونکہ حکومت اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی اور تشدد کے سامنے ہرگز سرنڈر نہیں کریں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے تعاون سے بلوچستان اور ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

More posts