Baaghi TV

لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی آج چوتھی برسی، قوم کا خراجِ عقیدت

لسبیلہ میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی آج چوتھی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر شہداء کی وطن کے لیے خدمات، قربانیوں اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

یکم اگست 2022 کو بلوچستان میں شدید سیلابی صورتحال کے دوران پاک فوج امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف تھی۔ اسی سلسلے میں اُس وقت کے کور کمانڈر 12 کور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے لسبیلہ پہنچے تھے۔واپسی کے دوران پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ اور نائیک مدثر فیاض شہید ہوگئے۔

یہ حادثہ قوم کے لیے ایک بڑا سانحہ تھا، کیونکہ شہداء سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے مشن پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ ان کی قربانی کو پاکستان کی تاریخ میں عوامی خدمت اور فرض شناسی کی روشن مثال قرار دیا جاتا ہے۔پاک فوج نے ہمیشہ قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور قومی بحرانوں میں عوام کی مدد کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ لسبیلہ کے شہداء کی قربانی اس عزم کی علامت ہے کہ مسلح افواج ملک و قوم کی خدمت اور حفاظت کے لیے ہر مشکل گھڑی میں ہر ممکن کردار ادا کرتی رہیں گی۔

More posts