کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سازگار موسمی حالات اور شدید گرمی کے باعث کراچی اور اس سے ملحقہ علاقوں پر مقامی بادل بنے، جنہوں نے مختلف مقامات پر برسنا شروع کر دیا۔سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار اور گردونواح میں ہلکی سے تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گڈاپ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم میں نمایاں بہتری آگئی۔شہر کے دیگر علاقوں میں بھی آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور بارش برسانے والے بادل مختلف علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، جس کے باعث مزید بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش ہونے کی پیشگوئی کی تھی۔ اس سے قبل آج دوپہر کے وقت شہر میں شدید گرمی اور حبس کی کیفیت رہی، تاہم بارش شروع ہونے کے بعد درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
