پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے میرے خط کا جواب موصول ہوگیا ہے، میں نے ٹروتھ کمیشن کے قیام کی تجویز دی تھی، اس کے ساتھ انہوں نے اپنی تجویز بھی ارسال کی ہے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے، اس وقت میری اولین ترجیح یہ ہے کہ موجودہ بحران کے خاتمے میں مدد کی جائے،میری ترجیح ہے کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور آزاد جموں و کشمیر میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال کیے جائیں،میں خیرمقدم کرتا ہوں کہ انہوں نے مجوزہ کمیشن کو آگے بڑھنے کے ایک ممکنہ ادارہ جاتی راستے کے طور پر قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، اس کمیشن کی توثیق اب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی کر چکی ہے، میں ان کی تجویز کا بھی بغور جائزہ لوں گا،اب میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے بھی مشاورت کروں گا، وزیراعظم آزاد کشمیر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے ابتدائی رائے حاصل کریں گے، تاکہ معلوم ہو کہ کیا کسی متفقہ تجویز کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ بنیاد موجود ہے یا نہیں۔
