Baaghi TV

‎کبل پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ، 7 افراد شہید

‎خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں 7 افراد شہید ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
‎ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ کے مطابق حملہ آور نے خودکش حملے کے ذریعے کبل پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے پولیس کمپاؤنڈ کے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔
‎پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور 7 افراد شہید ہوگئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
‎دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ سکیورٹی ادارے حملے کی نوعیت اور حملہ آور کے سہولت کاروں سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی بروقت مزاحمت کے باعث حملہ آور اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکا، جس سے ممکنہ طور پر بڑے جانی نقصان کو روکا جا سکا۔
‎واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

More posts