آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق متعدد مہاجرین کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ مظفر آباد ڈویژن میں پولنگ کا عمل ووٹرز کی بڑی تعداد کے باعث شام 6 بجے تک جاری رکھا گیا، جبکہ حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے انتخابی عملہ اور پولنگ سامان نہ پہنچ سکا، جس کے باعث تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 34 جموں 1 میں 131 میں سے 50 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار 1,504 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے محمد سعود مختار 669 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ایل اے 35 جموں 2 میں 142 میں سے 25 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اسماعیل 3,637 ووٹ لے کر نمایاں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار سردار محمد غیاث 868 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 36 جموں 3 کے 36 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد احسن رضا 7,556 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے احسن اسماعیل 3,303 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 37 جموں 4 میں 57 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مریم جاوید 9,017 ووٹ لے کر سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار عثمان علیم 7,683 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
اسی طرح ایل اے 38 جموں 5 میں 45 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ذیشان علی 5,153 ووٹ حاصل کر کے آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ آزاد جموں و کشمیر کے محمد اکبر چوہدری 4,921 ووٹوں کے ساتھ ان کے تعاقب میں ہیں۔
ایل اے 39 جموں 6 میں 24 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق 1,654 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری فخر زمان 522 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام نتائج غیر سرکاری اور غیر حتمی ہیں، جبکہ مکمل نتائج تمام پولنگ اسٹیشنوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔
آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے کے نتائج آنا شروع، کئی نشستوں پر ن لیگ کو برتری
