Baaghi TV

براڈ پیک سانحہ،مزید 3 کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد

براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیماؤں کے لاپتا ہونے کا خدشہ

گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑ براڈ پیک پر چند روز قبل برفانی تودہ گرنے کے المناک واقعے کے بعد ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزید 3 کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد کر کے بیس کیمپ منتقل کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی لاشوں میں ایک نیپالی کوہ پیما بھی شامل ہے، جس کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد برطانیہ منتقل کیا جائے گا، جہاں اس کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔اطلاعات کے مطابق کوہ پیماؤں کی لاشیں تقریباً 5 ہزار میٹر کی بلندی پر انتہائی دشوار گزار مقام پر موجود تھیں، جنہیں مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد نکالا گیا۔ لاشوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے آج اسکردو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10 کوہ پیما جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس سے قبل 8 لاشیں برآمد کی جا چکی تھیں، جبکہ تازہ کارروائی میں مزید 3 لاشیں بیس کیمپ پہنچا دی گئی ہیں۔دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق اب بھی دو لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش جاری ہے، جن میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور ایک غیر ملکی خاتون کوہ پیما شامل ہیں۔ خراب موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کے باعث سرچ آپریشن کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جاری رکھی جائے گی، جبکہ متاثرہ خاندانوں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

More posts