Baaghi TV

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹر کو اسلام آباد بلا لیا

aleem khan

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکسل لوڈ پالیسی پر فوری عملدرآمد کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آج سے موٹرویز پر اوور لوڈ گاڑیوں کو کسی صورت داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عبدالعلیم خان نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے نمائندوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات فوری طور پر حل کیے جائیں گے، جبکہ موٹروے پولیس کو ایک ماہ کے اندر کرپشن سے پاک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسل لوڈ پالیسی کا نفاذ آج سے کیا جا رہا ہے اور مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے والی گاڑیوں کو موٹرویز پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ مالکان نے ایکسل لوڈ پالیسی سے اتفاق کیا ہے اور ٹرانسپورٹرز ملکی موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے تحفظ میں حکومت سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی مفاد میں مل کر کام کرنا ہوگا۔ اگر مسائل حل کرنے کی نیت موجود ہو تو ہر معاملے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

اجلاس کے دوران گڈز ٹرانسپورٹرز نے ایکسل لوڈ پالیسی، ایس آر او سے متعلق معاملات، موٹرویز پر گاڑیوں کو درپیش مشکلات اور دیگر انتظامی و عملی مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل تفصیل سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزدا ایسوسی ایشن اور 10 وہیلر گاڑیوں سے متعلق مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ کسی بھی انتہائی اقدام سے گریز کریں اور قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک تمام فریق ایک میز پر بیٹھ کر بات نہیں کریں گے، معاملات آگے کیسے بڑھ سکتے ہیں؟انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو مزید مذاکرات کے لیے پیر کے روز اسلام آباد آنے کی دعوت بھی دی تاکہ تمام معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کیا جاسکے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے موٹروے پولیس میں مبینہ کرپشن کے خلاف بھی سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر فورس کو کرپشن فری بنانے کا ہدف مقرر کردیا۔انہوں نے آئی جی موٹرویز کو ہدایت کی کہ رشوت یا بدعنوانی میں ملوث کسی بھی اہلکار کو ملازمت میں برقرار نہ رکھا جائے۔ عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو صرف ملازمت سے برطرف ہی نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے بدعنوان اہلکاروں کو نظام کی ’’کالی بھیڑیں‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو ادارے سے نکال دیا جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹ سیکٹر سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو ملک اور قوم کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اجتماعی طور پر سوچنا ہوگا۔ویڈیو لنک اجلاس میں مختلف گڈز ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شبیر ملک، اویس چوہدری، چوہدری مقبول، چوہدری شاہد، حاجی نواز، ناصر حسین جعفری، مرزا نصیرالدین، عدیل عباس اور دیگر گڈز ٹرانسپورٹرز شریک ہوئے۔ملک شیر اعوان، افتخار بٹ، ملک شفیع اللہ اور ندیم افضل نے بھی اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیکریٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز، ٹرانسپورٹ سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

More posts