Baaghi TV

ڈی جی خان، "ستھرا پنجاب” پروگرام کو نئی رفتار، محسن ریاض نے چارج سنبھال لیا

ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید مؤثر، منظم اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ ڈیرہ غازی خان میں ایک اہم انتظامی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ باصلاحیت، متحرک اور تجربہ کار افسر محسن ریاض نے بطور ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔

چارج سنبھالتے ہی محسن ریاض نے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا، مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور آفس اسٹاف، فیلڈ افسران اور صفائی ورکرز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے حاضری، آپریشنل نظام، صفائی کی مجموعی کارکردگی اور فیلڈ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ شہر کے ہر علاقے میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر محسن ریاض نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈیرہ غازی خان کو صاف، سرسبز اور صحت مند شہر بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی، ضلعی انتظامیہ کی باہمی ہم آہنگی سے جدید، مؤثر اور دیرپا صفائی نظام قائم کیا جائے گا، جبکہ فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی، احتساب اور بہتری کے ذریعے عوام کی توقعات پر پورا اترا جائے گا۔میڈیا کو بتاتے ہوئے ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن محسن ریاض کا کہنا تھا صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے، مشینری اور افرادی قوت کے بہترین استعمال، بروقت مانیٹرنگ اور شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے جامع حکمت عملی بھی مرتب کر لی ہے، جس کے مثبت نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔

شہری حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ محسن ریاض کی متحرک قیادت اور قابل ٹیم کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور تحصیل منیجر ملک ندیم جیسے قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث "ستھرا پنجاب” پروگرام کو نئی جہت ملے گی، صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور ڈیرہ غازی خان پنجاب کے صاف ترین شہروں میں اپنی شناخت مزید مضبوط کرے گا۔

More posts