Baaghi TV

آزاد کشمیر انتخابات، پیپلز پارٹی کا ن لیگ پر دھاندلی کے الزامات کا اعادہ

bilawal

‎مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے آزاد کشمیر میں جاری انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پر مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں اور متنازع حلقوں میں شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
‎نیشنل پریس کلب میں سابق وزیر صحت جاوید بڈھانوی اور ارشد صہیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا تیسرا مرحلہ ہونے جا رہا ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے پہلے ہی مرحلے سے مرحلہ وار انتخابات کی مخالفت کی تھی۔
‎انہوں نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی سے انتخابات کا انعقاد کیا جبکہ پنجاب پولیس کو بھی مبینہ طور پر مخصوص مقاصد کے لیے آزاد کشمیر بلایا گیا۔
‎چوہدری یاسین نے موجودہ الیکشن کمشنر کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے 2016 کے انتخابات کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔
‎پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر نے حلقہ ایل اے 9 میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہاں منظم دھاندلی نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر دھاندلا کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول مسلم لیگ ن کو زبردستی کامیاب کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
‎چوہدری یاسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کئی ماہ قبل ہی پارٹی کی کامیابی کا اعلان کر چکے تھے، جس سے انتخابی عمل کے حوالے سے شکوک پیدا ہوتے ہیں۔
‎انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ جن حلقوں میں انتخابی عمل متنازع ہوا ہے وہاں شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں۔
‎ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی نے 80 فیصد سے زائد پولنگ والے حلقوں میں تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم بعد میں اس مؤقف سے پیچھے ہٹ گئی۔

More posts