وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والی قوتیں آزاد کشمیر میں انتخابات کا عمل روکنا چاہتی تھیں، تاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کو مینڈیٹ دے دیا ہے اور انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دھرنا دینے والی قوتیں اب انتخابی عمل کے نتائج اور زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے احتجاج ختم کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم ہتھیار اٹھانے یا ملک دشمن عناصر کے آلہ کار بننے والوں کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الزام لگانے والوں نے اب تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی اپنی انتخابی شکست کو دھاندلی کے بیانیے کے ذریعے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کا شور اب بھی جاری ہے، تاہم اس کی شدت پہلے کے مقابلے میں کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد دے گی۔
وزیرِ اعظم کے مشیر نے کہا کہ مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں پولنگ کا عمل پُرامن انداز میں جاری رہا اور عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر اپنے مقاصد میں ناکام ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک سامنے آنے والے انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا ہے اور تیسرے مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
آزاد کشمیر الیکشن روکنے کی کوشش ناکام ہوئی، رانا ثناء اللّٰہ
