Baaghi TV

ٹیکسلا میں غیر قانونی بلاسٹنگ، پہاڑی تودا گرنے سے 2 مزدور جاں بحق

‎راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں مارگلہ اور ملحقہ پہاڑیوں پر مبینہ غیر قانونی بلاسٹنگ اور کرشنگ کے دوران پہاڑی تودا گرنے سے دو مزدور جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل بالسبب اور ایکسپلوژو ایکٹ کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
‎پولیس کے مطابق واقعہ سالار گاہ پہاڑی پر پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر جاوید ارشاد کی کرش مشین کے لیے بلاسٹنگ کی جا رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں بلاسٹنگ کے باعث پہاڑی کا ایک حصہ گرا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں دو محنت کش زاہد اور صدام ملبے تلے آکر جان کی بازی ہار گئے۔
‎مقدمے کے مطابق کرش مشین کے مالک جاوید ارشاد اور اس کا منشی منیر خان مبینہ طور پر غیر قانونی بلاسٹنگ اور کرشنگ کا کام کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بلاسٹنگ کے نتیجے میں پہاڑی تودا گرا اور دونوں مزدور اس کی زد میں آگئے۔
‎واقعے کا ایک سنگین پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان مبینہ طور پر جاں بحق مزدوروں کی لاشیں اپنے ساتھ لے کر موقع سے چلے گئے۔ پولیس نے اس معاملے کو بھی مقدمے کا حصہ بنایا ہے اور ملزمان کی گرفتاری سمیت مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
‎پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر غیر قانونی بلاسٹنگ کے باعث انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ پہاڑی علاقے میں بلاسٹنگ اور کرشنگ کے لیے قانونی اجازت موجود تھی یا نہیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔
‎واقعے نے مارگلہ اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں غیر قانونی کان کنی اور بلاسٹنگ کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مقامی سطح پر ایسے کاموں سے نہ صرف مزدوروں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ پہاڑی ماحول اور قدرتی نظام کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔

More posts