کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں تیزی سے پھیلنے والی جنگلاتی آگ کے باعث ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد کو اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔
بی سی وائلڈ فائر سروس کے مطابق سمرلینڈ اور اس کے گردونواح میں لگی بالڈ رینج نامی جنگلاتی آگ جمعہ کو پہلی بار سامنے آنے کے بعد انتہائی تیزی سے پھیلی اور اس کا رقبہ بڑھ کر تقریباً 136 مربع کلومیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ کے شعلے اس قدر بلند ہیں کہ انہوں نے اپنے موسمی نظام پیدا کرنا شروع کردیئے ہیں، جس کے نتیجے میں بجلی کی کڑک اور آسمانی بجلی بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
پولیس کے مطابق آگ سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران میڈو ویلی کی ایک 80 سالہ خاتون ہلاک ہوگئیں۔ خاتون سمرلینڈ کے شمال مغرب میں واقع اپنے گھر سے خاندان کے ایک فرد کے ہمراہ نکلنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سمجھا جارہا ہے کہ ان کی موت جنگلاتی آگ کے باعث ہوئی۔
سمرلینڈ کے میئر ڈگ ہولمز نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے رہائشیوں کو بدترین صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ سمرلینڈ سمیت قریبی آبادیوں کے ہزاروں افراد کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
سمرلینڈ کی رہائشی کیگن رادومسکی نے بتایا کہ انہوں نے آگ کے ان کے گھر تک پہنچنے سے چند لمحے قبل اپنا گھر خالی کیا۔ تیزی سے پھیلتی آگ کے باعث مقامی آبادی میں خوف و تشویش پائی جارہی ہے جبکہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
کینیڈا میں تیزی سے پھیلتی جنگلاتی آگ، ہنگامی حالت نافذ، ایک شخص ہلاک
