Baaghi TV

33 ممالک میں جولائی 2026 گرم ترین، 90 کروڑ افراد شدید گرمی سے متاثر

‎دنیا کے مختلف خطوں میں جولائی 2026 کے دوران شدید گرمی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، جس کے باعث تقریباً 90 کروڑ افراد ایسے علاقوں میں رہے جہاں رواں سال جولائی ریکارڈ کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا۔
‎اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کے موسمیاتی نگرانی کے ادارے کوپرنیکس کے ERA5 موسمیاتی ڈیٹا کے تفصیلی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ 33 ممالک میں جولائی کا درجہ حرارت ریکارڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رہا۔ اس تجزیے میں اربوں موسمیاتی اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔
‎شدید گرمی سے متاثرہ نمایاں علاقوں میں ساحل خطہ، وسطی امریکا، فرانس اور اسپین شامل ہیں۔ یورپ میں بھی صورتحال غیر معمولی رہی، جہاں مغربی یورپ نے جون اور جولائی کے دوران ریکارڈ کی تاریخ کی سب سے شدید گرمی کا سامنا کیا۔
‎کوپرنیکس کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث خطے میں گرمی کی شدت کے ساتھ خشک سالی اور جنگلات میں آگ کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تقریباً 12 کروڑ یورپی شہری ایسے علاقوں میں مقیم ہیں جہاں جولائی 2026 اب تک کا گرم ترین جولائی ریکارڈ کیا گیا۔
‎ریکارڈ گرمی کے زیادہ تر واقعات جنوبی برطانیہ، مغربی فرانس اور اسپین کے شمالی و مشرقی علاقوں میں سامنے آئے۔ فرانس میں جولائی کے دوران اوسط درجہ حرارت 1991 سے 2020 کے معمول کے مقابلے میں 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ ماہرین کے مطابق یہ حوالہ مدت بھی صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں پہلے ہی زیادہ گرم ہے۔
‎فرانس اور اسپین میں ریکارڈ خشک سالی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا، جس کے نتیجے میں جنگلات میں تباہ کن آگ بھڑک اٹھی۔ شدید گرمی، کم بارش اور خشک زمین نے آگ کے پھیلاؤ کے لیے سازگار حالات پیدا کیے۔

More posts