راولپنڈی کے مال روڈ پر فلیش مین ہوٹل کے قریب سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا،
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس پر فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو موقع پر ہلاک کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، پی ٹی آئی کے پارٹی پرچم اور اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے پی ٹی آئی کے جلسوں میں شرکت کی تصاویر بھی ملی ہیں،
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست اور اسلحے کے ساتھ احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، مسلح ہوکر دن دہاڑے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ وہ اسلحے کے ساتھ آئے، احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔ ان کے بقول پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی اور تشدد اس کی سیاست کا حصہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آگئی ہیں، کارکن سے پارٹی جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان خراب کرنا چاہتے ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت ملک کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے کام جاری رکھے گی اور ان شاء اللہ پاکستان ہر محاذ پر کامیاب ہوگا۔
