Baaghi TV

پولیس حراست سے فرار خطرناک گینگسٹر کو گاڑی میں لے جانے والا ڈرائیور گرفتار

‎قتل اور دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں قید خطرناک گینگسٹر ملک حماد کے پولیس حراست سے فرار ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مندرہ پولیس نے مبینہ طور پر فرار کے بعد اسے گاڑی میں محفوظ مقام تک پہنچانے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم پولیس نے گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
‎ذرائع کے مطابق ملک حماد کو عدالتی پیشی کے بعد راولپنڈی سے واپس جہلم جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ پولیس کی زیر نگرانی قیدی کو لے جانے والی پریژن وین مندرہ کے علاقے میں جی ٹی روڈ پر واقع گلیکسی ہوٹل پر اس وقت رکی جب پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر قیدی کی دعوت قبول کرتے ہوئے وہاں کھانے کے لیے قیام کیا۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل پر ملک حماد کی والدہ بھی موجود تھیں، جنہوں نے اپنے بیٹے سے ملاقات کی۔ اسی دوران پولیس اہلکار اور افسران کھانا کھانے میں مصروف ہوگئے جبکہ خطرناک قیدی نے مبینہ طور پر موقع کا فائدہ اٹھایا اور پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
‎فرار کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں اور ملزم کو مبینہ طور پر گاڑی میں لے جانے والے ڈرائیور تک پہنچ گئی۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کردی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ فرار کے منصوبے میں مزید کون افراد ملوث تھے اور ملک حماد کو کہاں منتقل کیا گیا۔
‎ملک حماد کو قتل اور دہشت گردی سمیت متعدد سنگین مقدمات کا سامنا ہے۔ اسے ن لیگی ایم پی اے چودھری نعیم اعجاز کے مبینہ ہٹ مین کے طور پر بھی بیان کیا جاتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے عائد الزامات اور مقدمات کا حتمی فیصلہ عدالتوں میں ہونا باقی ہے۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں جبکہ گرفتار ڈرائیور سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ واقعے میں غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کی ذمہ داری کا تعین بھی تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔

More posts