Baaghi TV

کولمبیا میں 7.4 شدت کے زلزلے سے 224 افراد ہلاک

‎جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 224 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شدید زلزلے کے بعد حکومت نے نیشنل ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
‎خبر ایجنسی کے مطابق زلزلہ کولمبیا کے مغربی علاقے میں آیا اور اس کے شدید جھٹکے دارالحکومت بوگوٹا سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ پڑوسی ملک ایکواڈور کے بعض علاقوں میں بھی شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، جس کے باعث لوگ خوف کے مارے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
‎زلزلے کے باعث کئی علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بعض مقامات پر عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوگئیں۔ کیلی کے میئر کے مطابق شہر میں درجنوں عمارتیں گرنے کی اطلاعات ہیں اور ملبے تلے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ امدادی اداروں نے متاثرہ مقامات پر ریسکیو کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
‎حکام کے مطابق صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر دارالحکومت بوگوٹا اور میڈیلین سے خصوصی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئی ہیں۔ امدادی کارکن منہدم عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کو تلاش کرنے اور زخمیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
‎امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز چوکوا کے علاقے میں واقع میونسپلٹی سان خوسے ڈیل پالمر کے قریب تھا، جو بوگوٹا سے تقریباً 400 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ زلزلے کی شدت کے باعث وسیع علاقے میں عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں و زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کے ساتھ ساتھ نقصانات کا تفصیلی جائزہ بھی لے رہی ہیں۔
‎زلزلے کے بعد شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاط برتنے اور متاثرہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More posts