لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تعلیم، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔مریم نواز اور قائم مقام امریکی سفیر کے درمیان پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے معاملے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ ملاقات میں لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبوں اور محفوظ بسنت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید وسعت دی جائے گی اور اسے محفوظ انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ملاقات میں پنجاب اور امریکا کے درمیان اقتصادی، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
