پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف گول کیپر سلمان اکبر جاپان ہاکی ٹیم سے منسلک ہوگئے ہیں، جہاں وہ ورلڈ کپ سے قبل جاپانی گول کیپرز کی تربیت کریں گے۔
جاپان ہاکی ٹیم نے عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں سلمان اکبر کی خدمات حاصل کی ہیں۔ وہ ایک ہفتے تک جاپانی ٹیم کے گول کیپرز کو جدید تکنیک، گول کیپنگ اور میچ کے دوران دفاعی حکمت عملی کے حوالے سے تربیت دیں گے۔سلمان اکبر پاکستان ہاکی کے سابق ممتاز گول کیپر اور کپتان رہ چکے ہیں اور ان کا شمار ملک کے تجربہ کار ہاکی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نیدرلینڈز میں موجود ہے، جہاں وہ عالمی سطح کے اہم مقابلوں میں حصہ لے گی۔
