وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں آل پارٹیز کے وفد سے ملاقات کے دوران عوامی مسائل، علاقائی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سیاسی نمائندوں نے بنیادی سہولیات کی فراہمی اور درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ و انٹرویوز مقامی سطح پر کرانے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے گوادر سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ مقامی سطح پر منعقد کرنے اور ضلعی کوٹے پر مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیوں میں میرٹ اور ضلعی کوٹے پر سختی سے عمل ہوگا اور کسی مقامی امیدوار کا حق نہیں مارنے دیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے محکمہ فشریز اور جنگلات گوادر میں غیر مقامی افراد کی تعیناتی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا، جبکہ چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کے عوام کو صاف پانی، صحت، تعلیم اور روزگار سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنا چاہئیں اور وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
