Baaghi TV

ایئر انڈیا پرواز کے کپتان کا ڈوپ ٹیسٹ دوسری بار بھی مثبت

air india

تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے فوکٹ سے نئی دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے کپتان کا دوسرا ڈوپ ٹیسٹ بھی مثبت آگیا، جس میں چرس کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 4 اگست کو ایئر انڈیا کی پرواز AI-2379 فوکٹ سے نئی دہلی روانہ ہوئی تھی، جس میں 137 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ دورانِ پرواز طیارے کی بلندی میں اچانک تقریباً 300 فٹ کی کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 مسافر اور عملے کے 4 ارکان زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق طیارے کی بلندی میں اچانک کمی کے وقت کپتان اپنی نشست پر موجود نہیں تھے اور پرواز کا کنٹرول فرسٹ آفیسر کے پاس تھا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں لینڈنگ کے بعد معمول کی اسکریننگ کے دوران کپتان کے ڈوپ ٹیسٹ میں نشہ آور مادے کی موجودگی سامنے آئی۔ بعد ازاں تصدیق کے لیے دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا، جس کا نتیجہ بھی منگل کو مثبت آیا۔ ذرائع کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میں چرس کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی وزارتِ شہری ہوا بازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (AAIB) نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔دوسری جانب ایئر انڈیا کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

More posts