Baaghi TV

زیادتی کیس،جیل میں بھارتی سابق رکن اسمبلی سے موبائل برآمد

جنسی زیادتی کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے سابق بھارتی رکنِ اسمبلی پرجوال ریونا کو بنگلورو کی جیل میں مبینہ طور پر موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا، جس کے بعد جیل حکام کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرائم برانچ کے اہلکاروں نے جیل میں اچانک چھاپہ مارا، جہاں تلاشی کے دوران پرجوال ریونا کے قبضے سے موبائل فون برآمد ہوا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں کہ موبائل فون جیل کے اندر کیسے پہنچا۔سیکیورٹی میں غفلت برتنے پر جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ایرنا رنگاپور کو معطل کردیا گیا، جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ انشوچ کمار کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔پرجوال ریونا سابق بھارتی وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی کے بھتیجے ہیں۔ انہیں جنسی زیادتی، دھمکانے اور زیادتی کی ویڈیوز بنانے اور انہیں پھیلانے کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون ریونا خاندان کے فارم ہاؤس میں ملازمہ تھیں۔ خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ پرجوال ریونا نے 2021 میں انہیں متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیوز بنا کر خاموش رہنے کے لیے دھمکایا۔واقعے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پرجوال ریونا جرمنی چلے گئے تھے، جس کے بعد انہیں جنتا دل سیکولر سے معطل کردیا گیا۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد جرمنی سے واپسی پر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

More posts