پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے 55 برس کی عمر میں زِپ لائننگ کا تجربہ کرکے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا۔
شگفتہ اعجاز ان دنوں ڈرامہ سیریل ’’بس تیرا ساتھ ہو‘‘ میں اپنی اداکاری کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں، جبکہ وہ چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنی بیٹی کے پاس برطانیہ میں موجود ہیں۔اداکارہ برطانیہ کے علاقے ویلز میں مختلف خوبصورت مقامات کی سیر کر رہی ہیں اور قدرتی مناظر، جھیلوں اور تفریحی مقامات سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔اسی دوران شگفتہ اعجاز نے ایڈونچر سرگرمی زِپ لائننگ میں بھی حصہ لیا۔ زِپ لائن رائیڈ مکمل کرنے کے بعد اداکارہ نے اپنے تجربے کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ سوچ کر حیرت ہوئی کہ انہوں نے یہ سرگرمی پہلے کیوں نہیں کی۔
شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ زِپ لائننگ کے دوران انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ عقاب کی طرح اڑ رہی ہوں اور انہیں اس تجربے میں بہت مزہ آیا۔اداکارہ کی بیٹی کے مطابق شگفتہ اعجاز نے ابتدا میں زِپ لائننگ کرنے سے انکار کردیا تھا، تاہم بعد ازاں بیٹی کے اصرار پر وہ اس مہم جوئی کے لیے تیار ہوگئیں۔شگفتہ اعجاز کی زِپ لائننگ کی ویڈیو اور تجربے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ متعدد صارفین نے اداکارہ کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے اور نئی سرگرمیوں کا تجربہ کرنے پر سراہا ہے
