ناروے کے وزیر خارجہ اسپن بارتھ ایدے سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے یورپ سفیر عائشہ علی نے استقبال کیا،ناروے کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ جناب ایسپن بارتھ ایڈے کے ساتھ ملاقات کی،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ جناب ایسپن بارتھ ایڈے نے وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج وزارتِ خارجہ میں ناروے کے وزیر خارجہ جناب ایسپن بارتھ ایڈے کا خیرمقدم کیا۔ یہ دورہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان اور ناروے کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کا دورہ ہے۔
دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سمندری امور اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور ناروے کے تعلقات کی گرم جوشی اور خوشگوار نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران-امریکہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور خدمات شامل ہیں
