افغانستان کے صوبہ بدخشان کے ضلع نُسَے میں طالبان اور جمعہ خان فتح کے وفادار جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں طالبان کے 5 ارکان ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے، جبکہ 5 دیگر لاپتا ہیں۔
بدخشان کے ضلع نُسی میں طالبان فورسز اور ناراض کمانڈر جمعہ خان فاتح کے وفادار جنگجوؤں کے درمیان لڑائی میں شدت آ گئی ہےاطلاعات کے مطابق جھڑپیں خوغاز، دوآبگی، خنیس اور ایلرما کے علاقوں میں مرکوز ہیں،طالبان کی اسپیشل فورسز کے اہلکار بھی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں،فاتح کی فورسز، جنہیں علاقے میں نسبتاً مضبوط پوزیشن حاصل ہے، کے ایک اہلکار کے ہلاک اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
طالبان حکام کے مطابق نُسَے میں منگل کی سہ پہر شروع ہونے والی جھڑپیں بدھ کی دوپہر سے قبل مزید شدت اختیار کرگئیں۔ علاقے میں طالبان کا ایک ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتا دیکھا گیا، جبکہ وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں-
رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے علاقے میں حالات پر قابو پانے کی کوششوں کے باوجود کشیدگی میں کمی نہیں آسکی بلکہ بعض مقامات پر صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی،جمعہ خان فتح کے وفادار جنگجوؤں اور طالبان کے درمیان جاری لڑائی نے بدخشان میں طالبان کو درپیش داخلی سکیورٹی چیلنجز میں مزید اضافہ کردیا ہے، تاہم جھڑپوں میں مخالف گروپ کے جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
