Baaghi TV

چین کے سی 919 طیارے کی پہلی بین الاقوامی کمرشل پرواز مکمل

china

چین میں تیار کردہ مسافر بردار طیارے سی 919 نے اپنی پہلی باقاعدہ بین الاقوامی کمرشل پرواز کامیابی سے مکمل کرلی۔

ایئر چائنا کی پرواز سی اے 723 نے 12 اگست کو بیجنگ کے کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری اور منگولیا کے نئے اولان باتر ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی،منگولیا کی پرواز سی 919 کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، کیونکہ اس کے ذریعے چینی ساختہ طیارے نے پہلی مرتبہ باقاعدہ بین الاقوامی کمرشل سروس کا آغاز کیا ہے۔

سی 919 چین کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ بڑا مسافر بردار طیارہ ہے، جسے بین الاقوامی فضائی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، طیارے کے منصوبے کا آغاز 2007 میں ہوا، جبکہ نومبر 2015 میں پہلا سی 919 اسمبلی لائن سے باہر آیا،طیارے نے 2017 میں پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کی، جس کے بعد مختلف مقامات اور انتہائی موسمی حالات میں متعدد آزمائشی پروازیں کی گئیں ان تجربات میں شدید گرمی، زیادہ نمی، سخت سردی، تیز ہواؤں اور برف جمنے جیسے حالات شامل تھے۔

سی 919 کو ستمبر 2022 میں ٹائپ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا، جبکہ اسی سال نومبر میں اسے پروڈکشن سرٹیفکیٹ مل گیا، جس کے بعد اس کی بڑے پیمانے پر پیداوار کی راہ ہموار ہوئی دسمبر 2022 میں پہلا طیارہ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کے حوالے کیا گیاسی 919 نے مئی 2023 میں شنگھائی سے بیجنگ کے درمیان اپنی پہلی باقاعدہ کمرشل پرواز مکمل کرکے چینی سول ایوی ایشن مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھا بعد ازاں طیارے نے ہانگ کانگ، مکاؤ، تبت اور چین کے دیگر علاقوں تک بھی پروازیں شروع کیں۔

کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (COMAC) کے مطابق 10 اگست 2026 تک سی 919 مجموعی طور پر 25 شہروں کو ملانے والے 57 فضائی روٹس پر خدمات انجام دے چکا تھا اور 75 لاکھ سے زائد مسافروں کو سفر کرا چکا تھا۔

More posts