وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس کے دوران ضلع میں عوامی ضروریات اور جاری و مجوزہ ترقیاتی پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر صاف پانی پراجیکٹ بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ صفائی ستھرائی کے بعد اب پورے صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ان کا عزم ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز دیں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور روڈز کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، بتایا کہ پی او ایف سنجوال سے حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبسیں رواں دواں ہیں۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے اٹک اور گرد و نواح کے لیے الیکٹروبس فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو عوام کے خوشگوار ردعمل سے بھی آگاہ کیا کہاکہ خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے دنیا کی بہترین بس سروس میں مفت سفر نعمت کے مترادف ہے،مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن انقلابی اقدام ہے، جبکہ پنجاب کی ترقی اور تاریخی پراجیکٹس دوسرے صوبوں کے لیے مثال بن رہے ہیں۔
