Baaghi TV

مسلسل بارشوں اور سیلاب نے امریکی مڈویسٹ کو ڈبو دیا، 6 افراد ہلاک

‎امریکا کے مڈویسٹ علاقوں میں مسلسل ساتویں روز بھی موسلا دھار بارشوں اور شدید سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جہاں ریاست انڈیانا میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مزید طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ ہے۔
‎شدید بارشوں سے متاثرہ مشرقی انڈیانا میں وائٹ ریور خطرناک حد تک بلند ہو گیا ہے۔ انڈیانا پولس کے میئر جو ہوگسیٹ نے صورتحال کو گزشتہ 30 سال کی بدترین سیلابی صورتحال قرار دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
‎حکام کے مطابق مڈویسٹ کے 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد اب بھی فلڈ واچ کے تحت ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث زمین پہلے ہی پانی سے بھر چکی ہے اور معمولی مزید بارش بھی نئے علاقوں میں اچانک سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔
‎انڈیانا میں ہلاکتوں میں ایک 4 سالہ بچہ بھی شامل ہے جو شدید طوفان کے دوران گھر پر درخت گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ ایک 18 سالہ نوجوان کی لاش بھی دریائے مسیسینیوا سے برآمد کی گئی، جسے چند روز قبل سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے بعد لاپتا قرار دیا گیا تھا۔
‎حکام کے مطابق ایک 58 سالہ خاتون بھی سیلاب زدہ سڑک پر گاڑی چلانے کے دوران پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے سے ہلاک ہو گئی۔ امدادی ادارے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی لاپتا افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
‎نوبلزویل میں وائٹ ریور نے ریکارڈ سطح عبور کر لی اور پانی کی سطح 24 فٹ سے زیادہ بلند ہو گئی۔ سیلابی پانی اب نشیبی علاقوں اور انڈیانا پولس کے مضافاتی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، جس سے مزید آبادیوں کے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
‎محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کی رات سے اتوار تک انڈیانا اور اوہائیو میں طوفانی بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، سیلابی پانی میں گاڑیاں نہ چلانے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

More posts