Baaghi TV

نئے صوبوں کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کا دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

‎ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
‎ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے اور ملک بھر میں ضرورت اور انتظامی تقاضوں کے مطابق نئے صوبے بنائے جانے چاہئیں۔
‎خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور مؤثر طرز حکمرانی فراہم کی جا سکے۔
‎انہوں نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کا قیام غداری یا ملک دشمنی تصور کیا جاتا ہے تو پھر آئین میں نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار کیوں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین خود ضرورت کے مطابق انتظامی تبدیلیوں کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔
‎ایم کیو ایم پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر قانونی اور آئینی راستہ اختیار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کیا جائے گا۔
‎خالد مقبول صدیقی کے مطابق نئے صوبوں کا مطالبہ کسی مخصوص علاقے یا سیاسی مفاد تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر میں بہتر انتظامی نظام اور عوامی مسائل کے مؤثر حل سے متعلق ہے۔

More posts