زندہ دلانِ لاہور کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، ضلعی انتظامیہ نے شہر میں 3 روزہ بسنت اور جشنِ بہاراں کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
ڈی سی لاہور علی اعجاز کے مطابق رنگا رنگ میلہ 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منعقد ہوگا، جس کے دوران شہریوں کو مختلف ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ 3 روزہ جشنِ بہاراں کے دوران لاہور کی تاریخی، ثقافتی اور قدرتی خوبصورتی کو مختلف رنگوں کے ساتھ اجاگر کیا جائے گا، جبکہ میلے کو مقامی سطح کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی ثقافتی رونق کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بسنت 2027 کو یادگار، محفوظ اور منظم ایونٹ بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کررہی ہے۔ شہریوں کی حفاظت، امن و امان اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ برس طویل عرصے بعد لاہور میں بسنت کا دوبارہ انعقاد کامیاب اور محفوظ رہا تھا۔ خطرناک اور دھاتی ڈور کے خلاف سخت اقدامات اور جامع حکمتِ عملی کے باعث شہریوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ بسنت منائی اور میلہ کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی کامیابی اور عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2027 میں بسنت کو مزید بہتر، محفوظ اور منظم انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
