وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
وزیرِ اعظم نے ہداہت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی عمل درآمد پر پیش رفت جائزہ اجلاس ہر ماہ ہوگا۔ ملک کے ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت کی طرف سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجراء ہماری پر خلوص کاوشوں کی عکاس ہے۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کے لئے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ قوم کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کے روزگار کے نئے مواقعوں میں شمولیت یقینی بنانے کے لیۓ انکو ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دی جاۓ۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک کے طول و عرض بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ ملک کی ہنر مند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک کاروباری و صنعتی طلب کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیۓ NAVTCC اور سمیڈا SMEDA میں ادراجاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے اس پالیسی کی بدولت نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن افردی قوت کے لئے خصوصی طور پر بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبان پر مہارت کے لئے بھی خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے لئے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دی جارہی ہے۔ حکومتی اقدامات کی بدولت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے توسط سے ملک کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اندرونی بیرون ملک روزگار کے مواقعوں کی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہے۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر موثر عملی اقدامات کے لئے تمام وزارتیں اور متعلقہ ادراے باہمی تعاون اور مشاورت سے کام کر رہی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کی رہنمائی اور کیریئر کاؤنسلنگ کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئر پرسن رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔
