اسلام آباد: مصباح ارشد کو مس یونیورس پاکستان 2026 کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے، جو رواں سال عالمی سطح پر ہونے والے مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مس یونیورس پاکستان 2026 کی تاج پوشی کی تقریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مصباح ارشد نے 10 امیدواروں کے فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔مصباح ارشد 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مصباح ارشد کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ اسلام آباد میں بھی رہ چکی ہیں، تاہم اس وقت جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں جہاں وہ یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔2000 میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد نے 2023 میں حسن کے مقابلوں کے ذریعے نمایاں شناخت بنائی۔ وہ مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کے اعزازات بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔مس یونیورس پاکستان 2026 کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد مصباح ارشد اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔
