انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اپیلز پینل نے پاکستان اور کینیڈا کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ختم کردیا، جبکہ کنگ سٹی ٹورنٹو کے میپل لیف گراؤنڈ کا بھی ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلے جون میں کھیلے گئے میچز کی پچز کو دیے گئے ڈی میرٹ پوائنٹس کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ کینیڈا کی اپیلوں پر کیے گئے۔ اپیلز پینل نے میچز کی ویڈیو، میچ ریفریز کی رپورٹس اور ٹیم کپتانوں کے تبصروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
اپیلز پینل کے مطابق اگرچہ میچ ریفری نے پچ مانیٹرنگ گائیڈ لائنز کے مطابق فیصلہ کیا تھا، تاہم جائزے میں پچ پر غیر معمولی ناہمواری یا اسپن کے شواہد نہیں ملے۔ اس بنا پر قذافی اسٹیڈیم کا ڈی میرٹ پوائنٹ مکمل طور پر منسوخ کردیا گیا، جس کے بعد اس کے کھاتے میں کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ باقی نہیں رہا۔
دوسری جانب کینیڈا کے کنگ سٹی میں واقع میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ میں 8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ کی پچ کو بھی ’غیر تسلی بخش‘ قرار دے کر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
اپیلز پینل نے قرار دیا کہ پچ کی حالت مجموعی طور پر تسلی بخش تھی اور اس پر غیر معمولی ناہمواری، سیم موومنٹ یا اسپن دیکھنے میں نہیں آئی، جس کے بعد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا گیا۔ تاہم گراؤنڈ کے پہلے سے موجود 3 ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رہیں گے۔
