Baaghi TV

پارسل کی ترسیل کے نام پر واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کا نیا سائبر فراڈ

پارسل کی ترسیل کے نام پر شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم طلب کرنے والے سائبر فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آگیا۔

جعل ساز گروہ خود کو معروف کورئیر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ حاصل کرتا ہے۔ ملزمان فون کرکے شہریوں کو بتاتے ہیں کہ ان کا پارسل پہنچا ہوا ہے، تاہم ڈیلیوری مکمل کرنے یا پتے کی تصدیق کے لیے موبائل فون پر ایک کوڈ موصول ہوگا، جو انہیں بتانا ہوگا۔شہری جیسے ہی واٹس ایپ پر موصول ہونے والا تصدیقی کوڈ کال کرنے والے شخص کو بتاتا ہے، جعل ساز اسی نمبر پر اپنے موبائل فون میں واٹس ایپ رجسٹر کرکے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرلیتے ہیں۔واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد جعل ساز متاثرہ شخص کے رابطہ نمبرز استعمال کرتے ہوئے اس کے رشتہ داروں، دوستوں، ساتھیوں اور دیگر جاننے والوں کو پیغامات بھیجتے ہیں اور فوری مالی مدد کا بہانہ بنا کر رقم طلب کرتے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی صورت واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ، او ٹی پی یا دیگر حساس معلومات کسی نامعلوم شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں اور پارسل کی ترسیل کے حوالے سے موصول ہونے والی مشکوک کالز پر محتاط رہیں۔

More posts