وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انہیں علم ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں بعض افراد سے پیسے لیے جا رہے ہیں، تاہم حکومت اسپتالوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی فعال ہو چکا ہے، جہاں پاکستان بھر سے مریض علاج کے لیے آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی طرح دیگر سیاسی جماعتیں بھی عوامی خدمت کے لیے کام کرتیں تو آج ملک مزید ترقی کر رہا ہوتا۔ کسی بھی سیاسی جماعت کا اولین مقصد عوام کی خدمت ہونا چاہیے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے بااختیار لوگوں کو عوام کی خدمت کے لیے منتخب کیا ہے، اس لیے روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاح کے فیصلے کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر حسنات سمیت تمام ڈاکٹروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں عوام کو صرف مفت علاج ہی فراہم نہیں کیا جا رہا بلکہ مفت ادویات بھی دی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے لیے فنڈز قائم کیے جا رہے ہیں، کیونکہ ایک ہارٹ ٹرانسپلانٹ پر کم از کم 50 ہزار ڈالرز خرچ آتا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت اب ہوم ڈائیلاسز کی جانب بھی بڑھ رہی ہے اور ہوم ڈائیلاسز پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ڈائیلاسز مشینیں فراہم کی جائیں گی۔
